بنگلورو؍ 28؍ دسمبر (آئی این ایس انڈیا)بنگلور میں جاری کی گئی اپیل نجی ٹور آپریٹروں کے ذریعہ حج اور عمرہ کا سفر اختیار کرنے کے خواہشمند افراد احتیاط اور صبر سے کام لیں۔ فی الوقت حج اور عمرہ کیلئے ایڈوانس بکنگ سے گریز کریں۔
کورونا وبا کی وجہ سے سعودی حکومت نے حج اور عمرہ کیلئے اب تک واضح احکامات جاری نہیں کئے ہیں۔ نجی ٹور آپریٹروں کے ذریعہ حج اور عمرہ کا سفر اختیار کرنے کے خواہشمند افراد احتیاط اور صبر سے کام لیں۔ بنگلورو میں کرناٹک اسٹیٹ حج آرگنائزرس ایسوسی ایشن نے یہ بات کہی ہے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ حج 2021 کا اعلان ہوچکا ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کے ذریعہ عازمین حج درخواست فارم جمع کررہے ہیں۔ لیکن نجی ٹور آپریٹروں کے سلسلے میں اب تک کوئی ہدایات جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ رجسٹرڈ ٹور آپریٹروں کی جانب کہیں بھی حج 2021 کیلئے بکنگ نہیں لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سفر حج کے سلسلے میں واضح پالیسی جاری نہیں ہوتی تب تک حج کیلئے ایڈوانس بکنگ نہ لینے کی تمام ٹور آپریٹروں کو ایسوسی ایشن کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے۔ اقبال احمد صدیقی نے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ فی الوقت سفر حج کیلئے پیشگی رقم کسی بھی ٹور آپریٹر کو نہ دیں۔
کرناٹک حج آرگنائزرس ایسوسی ایشن کے صدر شوکت علی سلطان نے کہا کہ اب تک سعودی حکومت نے حج کے کوٹہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے فی الوقت عمرہ کے ویزے بھی جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ 15 دنوں قبل عمرہ کے چند ویزوں کو منظوری دی گئی تھی لیکن اب برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے سامنے آنے کے بعد عمرہ کے ویزے بھی جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔
شوکت علی سلطان نے کہا کہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے سفر حج اور عمرہ کیلئے کسی بھی Travel ایجنسی میں بکنگ کرنے سے قبل عوام سفر کے متعلق تحقیق کریں۔ دوسری جانب کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ حج 2021 کیلئے درخواست فارم بھرتی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اس بار کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کو بہت کم یعنی صرف ڈیڑھ ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ حج فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ پہلے 10 دسمبر 2020 مقرر کی گئی تھی اب آخری تاریخ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ یعنی اب درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری 2021 مقرر کی گئی ہے۔ آخری تاریخ میں توسیع کے باوجود حج کمیٹی کو بہت کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔